پنجاب میں نوجوان کورونا سے زیادہ متاثر

پنجاب میں کورونا پابندیوں میں نرمی

فائل فوٹو


لاہور: صوبائی محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں اکثریت نوجوانوں کی ہے۔

حکومتی رپورٹ کے مطابق نوجوانوں میں بھی لڑکیوں کے برعکس لڑکوں کی زیادہ تعداد وائرس میں مبتلا ہے۔ صوبے بھر میں سترہ ہزار مردوں میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ چھبیس ہزار مشکوک کیسز ہیں۔

خواتین میں چھ ہزار مصدقہاورآٹھ ہزار مشتبہ مریض ہیں۔ کورونا کے متاثرین میں سولہ سے تیس سال کے افراد سرفہرست ہیں جن کی تعداد سات ہزار تین سو چھیالیس ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں88 اموات، مجموعی تعداد1483ہوگئی

اکتیس سے پینتالیس سال کی عمر کے سات ہزار ایک سو دو، چھیالیس سے ساٹھ سال کے چار ہزار نو سو باون، اکسٹھ سے75 سال کے دو ہزار دو سو نو افراد موذی وائرس میں مبتلا ہیں۔ پنجاب میں سب سے کم کورونا کے مریض پچھہتر سال سے زائد عمر کے افراد ہیں، جن کی تعداد فقط تین سو چودہ ہے۔

پنجاب میں مجموعی طور پر کورونا کے 25 ہزار56 کیسز ہیں اور 475 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب ایک دن میں ریکارڈ88 اموات ہوئی ہیں اور جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 483 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈاینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا کے مزید3 ہزار39 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرین کی مجموعی تعداد 69 ہزار496 ہوگئی ہے۔

سندھ 27 ہزار360، خیبرپختونخوا9 ہزار 540 اور بلوچستان میں 4 ہزار193 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا کے 2 ہزار418، گلگت بلتستان678 اور آزاد کشمیرمیں251 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ اور جون میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آسکتے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں