سندھ میں لاک ڈاؤن سخت کرنے کی خبریں درست نہیں، مرتضیٰ وہاب


کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صوبے میں لاک ڈاؤن سخت کرنے کے متعلق خبریں درست نہیں ہیں، یہ فیصلہ وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے لاک ڈاؤن میں سختی یا دکانوں کی بندش کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر افواہوں کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد بازاروں کا رخ کر رہی ہے۔ مارکیٹوں میں رش اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں سختی کرنی ہے یا نرمی یہ فیصلہ وفاقی حکومت کیساتھ مشاورت سے کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کرتے ہیں کیوں کہ اموات کی شرح میں روز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں نوجوان کورونا سے زیادہ متاثر

ترجمان حکومت نے سندھ نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر افواہوں کے باعث لوگوں میں بے چینی پھیل رہی ہے اور ضروری اشیا کی خریداری میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام گھروں میں رہیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، ضروری اشیا کی فراہمی حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے اور ہم اس کی کمی نہیں آنے دیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافے کے باوجود افواہیں گردش کر رہی تھیں  کہ سندھ حکومت لاک ڈاؤن سخت کرنے پر غور کر رہی ہے۔

لاک ڈاؤن میں سختی کے متعلق افواہوں کے بعد اتوار کے روز لوگوں کی بڑی تعداد نے بازاروں کا رخ کیا اور کھانے پینے کی ضروری اشیا کی خریداری کی۔

وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد 31 مئی تک لاک ڈاؤن کا حکم دیا تھا اور پھر سپریم کورٹ نے بھی کاروباری سرگرمیاں 31 مئی تک بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔


متعلقہ خبریں