سندھ میں15 جون سے پرائیویٹ اسکول کھولنے کا اعلان


کراچی: پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے 15 جون سے اسکول کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔

پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شرف الزمان کا کہنا ہے کہ 15جون سے ہر حال میں اسکول کھولے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر تعلیم سندھ سے اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر رکھا ہے اور 15جون سے قبل وزیر تعلیم سعید غنی سے ملاقات بھی ہوگی۔

شرف الزمان کا کہنا تھا کہ اسکول کھلنا اب ضروری ہوگیا اور ہم  اساتذہ بچاؤ تحریک شروع کر دی ہے۔ سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو تنخواہیں مل رہی ہیں لیکن مسئلہ نجی اسکولوں کو ہے۔

قبل ازیں ایک پریس کانفرنس میں چیئرمین پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ آن لائن تعلیم ہمارے ملک میں ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے بجائے نجی تعلیمی ادارے تعلیم کا 70% فی صد بوجھ اپنے ناتواں کاندھوں پر اٹھا ر ہے ہیں اور تعلیمی میدان میں سرکاری اسکولوں سے کہیں بہتر رزلٹ دے رہے ہیں۔

شرف الزمان نے کہاکہ وفاق و صوبائی حکومتوں نے ہمیں یکسر نظر انداز کر دیا ہے۔ پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن، ایسو سی ایشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ اور آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن مشترکہ طور پر سندھ بھر کے تمام تعلیمی ادارے حکومت کی جانب سے تمام احتیاطی تدابیرکواختیار کرتے ہوئے دو شفٹوں میں کھول دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ بچوں کی مجموعی تعداد کو دو حصوں میں تقسیم کر کے پہلی شفٹ صبح 7:30تا 10بجے اور دوسری شفٹ 11بجے سے 1:30تک ہوگی تاکہ طلبا کے درمیان سماجی دوری کو یقینی بنایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ نہوں نے کہاکہ اگرحکومت نے کسی قسم کی کوئی انتقامی کاروائی کرنے کی کوشش کی یا ریگولرٹی اتھارٹی کی جانب سے کسی بھی اسکول کو حراساں کرنے کی کوشش کی تو ہم عدالت عالیہ کا دروازہ کھٹکھٹانے میں حق بجانب ہوں گے۔

 


متعلقہ خبریں