صدف کنول اور شہروز سبزواری نکاح کے بندھن میں بندھ گئے



کراچی:معروف اداکار شہروز سبزواری اور ماڈل صدف کنول نکاح کے بندھن میں بندھ گئے۔

ہم نیوز کے مطابق شوبز کے دونوں خوبصورت اسٹارز کا نکاح ہو گیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا  کے پلیٹ فارم انسٹاگرام پر صدف کنول نے اپنا نام تبدیل کر کےصدف سبز واری لکھ دیا ہے۔

دوسری جانب اداکار شہروز سبزواری نے انسٹاگرام پر صدف کنول کے ساتھ نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’الحمد اللہ ‘۔

ماڈل صدف کنول نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاونٹ سے نکاح کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ ان کی جوڑی اب مکمل ہو چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سادگی سے منعقد کی گئی نکاح کی تقریب میں صدف کنول نے اپنی ساس کا جوڑا زیب تن کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس وقت ہیش ٹیگ صدف کنول SadafKanwal# ٹرینڈ کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ شہروز سبزواری کا شمار صفِ اول کے پاکستانی اداکاروں اور ماڈلز میں ہوتا ہے۔

شہروز شہرت کی بلندیوں پر جاوید شیخ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کھلے آسمان کے نیچے اور ہم ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’دیوانہ‘ میں کام کرکے پہنچے۔

شہروز سبزواری لیجنڈری اداکار بہروز سبزواری کے صاحبزادے ہیں۔

صدف کنول بھی معروف پاکستانی ماڈل اور اداکارہ ہیں جنہوں نے فلم بالو ماہی اور ڈرامہ سیریل الف سمیت کئی پراجیکٹس میں کام کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔


متعلقہ خبریں