مودی کی ہندوتوا پالیسی سے بنگلہ دیش، نیپال، چین اور پاکستان تنگ ہیں، وزیر خارجہ



ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ہندوتوا پالیسی سے بنگلہ دیش، نیپال، چین اور پاکستان تنگ ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باوجود کشمیریوں پر پابندیاں عائد ہیں، عید سےقبل سیکریٹری جنرل یواین سے بات ہوئی تھی انہیں مقبوضہ کشمیرکی صورتحال سےآگاہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کرتارپورراہداری سمیت تمام اقلیتی مذہبی مقامات کوتحفظ دیا، اقلیتی کمیشن میں تمام مذاہب کی نمائندگی ہے، سپریم کورٹ نے بھی اقلیتی کمیشن کی تشکیل پررہنمائی کی جبکہ اس کمیشن کا سربراہ ایک ممتاز ہندو تاجرکو بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں اقلیتی عبادت گاہوں کا احترام کرتے ہیں مگر بدقسمتی سے بھارت میں تاریخی بابری مسجد کو شہید کر دیا گیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تاریخی بابری مسجد کی شہادت پر بھارتی سپریم کورٹ خاموش تماشائی بنی رہی، بھارتی میڈیا نےبھی مسلم اقلیتی حقوق کی پامالی پر خاموشی اختیار کیے رکھی۔

بھارت فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچا سکتا ہے، شاہ محمود

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں کےساتھ زیادتی ہو رہی ہے،کاش بھارتی مسلمان بھی اپنےمذہبی مقامات کےتحفظ پر مطمئن ہوتے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم کئی پاکستانیوں کےویزے ختم اور کچھ بےروزگار ہو چکےہیں،جو لوگ بےروزگار ہو چکے ہیں یا باہر تکلیف میں ہیں ان کی واپسی کیلئے ہم کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ بھی آرہاہے،مالی مشکلات بھی سب کےسامنےہے،کوشش کریں گے بجٹ میں لوگوں کوزیادہ سےزیادہ ریلیف دیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک محفوظ ہے،یہ منصوبہ ہمارےلیےگیم چینجرہے،تمام سیاسی جماعتیں سی پیک پرمتفق ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ لداخ میں بھارتی منصوبوں پرچین کوتحفظات ہیں،لداخ میں درگت بننےپربھارت دم دباکربیٹھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اگرایٹمی قوت بناہےتواس میں ایک شخص کا ہاتھ نہیں، ذوالفقارعلی بھٹو نے اس منصوبےکی بنیاد رکھی، ضیاالحق اورجونیجو دورحکومت میں اس منصوبے پرکام کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایٹم بم بنانےکا فیصلہ بھٹوصاحب نے ملتان میں میرےماموں کےگھر کیا اور بعد ازاں  تمام حکومتوں اورعسکری اداروں نے اس میں کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی حکومت میں پھر ایٹمی منصوبے کو آگے بڑھایا گیا، ایٹمی قوت بننے پر پوری قوم کوکریڈٹ جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں