طیارہ حادثہ: 84 میتوں کی شناخت ہو چکی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ کا بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان

فوٹو: فائل


کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قومی انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے طیارہ کو پیش آئے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے  84 میتوں کی شناخت ہو چکی ہے۔

مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے طیارہ حادثہ کی 84 میتوں کی شناخت ہو چکی ہے اور ان شناخت ہونے والی تمام میتوں کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ چھیپا  اور ایدھی سرد خانوں میں 13میتوں کی شناخت کا عمل جاری  ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے طیارہ حادثہ، تحقیقاتی ٹیم اہم شواہد کے ہمراہ واپس روانہ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے بتایا کہ 45 میتوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی  گئی ہے۔

دریں اثنا پی آئی اے طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والی 12 سالہ بچی دم توڑ گئی۔

طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی 12 سالہ ناہیدہ متاثرہ گھر میں ملازمہ تھی جو حادثے کے بعد آگ لگنے کی وجہ سے 80 فیصد جھلس گئی تھی۔

جاں بحق ہونے والی بچی برن سینٹر میں زیر علاج تھی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

یاد رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا مسافر طیارہ کراچی میں لینڈنگ سے کچھ دیر قبل رہائشی علاقے ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 92  مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے۔ حادثے میں عملے سمیت 97 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

طیارہ آبادی پر گرا تھا جس میں 20 سے زائد گھر تباہ ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں ’ کورونا کے بعد پی ٹی آئی رہنما طیارہ حادثہ میں بھی سیاست سے باز نہیں آئے ‘

پی آئی اے کے طیارے نے حادثے سے ایک گھنٹہ30 منٹ قبل لاہور ایئر پورٹ سے اڑان بھری تھی اور کراچی ائیر پورٹ پر لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے گرکر تباہ ہوا تھا۔

طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے فرانس کے ماہرہن کی خصوصی ٹیم 26 مئی کو کراچی پہنچی تھی جو یکم جون کو تحقیقات مکمل کرنے کے بعد اہم شواہد کے ہمراہ واپس روانہ ہو گئی۔


متعلقہ خبریں