حضرت شاہ شمس تبریزی کے 767ویں عرس کی تقریبات کا آغاز


ملتان: ملتان میں برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ شمس تبریزی کے 767 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔

معروف صوفی بزرگ برصغیر پاک وہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ شمس تبریز کے 767 ویں دو روزہ سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز سجادہ نشین درگاہ مخدوم طارق شمسی نے کیا۔

کورونا کے خدشے کے پیش نظر دور دراز سے آنے والے زائرین کو محدود تعداد میں مکمل ایس او پیز کے ساتھ عرس کی تقریبات میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔

عرس تقریبات میں مرد و خواتین عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جہاں وہ تلاوت، ذکر و اذکار اور دعاؤں میں مصروف ہیں۔

عرس کی تقریبات کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری کو تعینات ہے۔

حضرت شاہ شمس نے اپنی تعلیمات سے فروغ اسلام میں اہم کردار ادا کیا ،آپ کے عرس مبارک میں نہ صرف ملک کے مختلف شہروں بلکہ بیرون ملک سے بھی زائرین بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔

حضرت سید شاہ شمس تبریزی سبزواریؒ نے 1185 عیسوی کو ایک دین دار گھرانے میں آنکھ کھولی،آپ کی دینی خدمات سے برصغیرخوب منور ہوا،آپ کو مختلف دینی علوم پر عبور حاصل تھا ۔

حضرت شاہ شمس سبزواریؒ  ایران سے بغداد گئے اور پھر وہاں سے چلے اور مصر سے ہوتے ہوئے مدینۃ الاولیاء ملتان کو اپنا مسکن بنایا اور یہیں رحلت بھی فرمائی۔

آپ ایران میں پیدا ہوئے پھر تبریز میں تعلیمات حاصل کیں۔ یہی وجہ ہے کہ آپکو شمس تبریز اور سبزواری کے نام سے جانا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں