سعودی عرب سے پشاور کیلئے پی آئی اے کی پروازیں بحال کردی گئیں

پی آئی اے فنانس ڈپارٹمنٹ کا سی ای او کے خلاف خط|HUMNEWS.PK

امریکی کمپنی سیبر کا پی آئی اے کو عدالت لے جانے کا فیصلہ


پشاور: وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ قومی ائیر لائن کی سعودی عرب سے پشاور ایئرپورٹ کیلئے براہ راست پروازیں بحال کردی گئی ہیں۔

ایک بیان میں محمود خان نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم خیبر پختونخوا کے شہریوں کا معاملہ وزیراعظم کے ساتھ اٹھایا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا سے جاں بحق شہریوں کے جسد خاکی لانے کیلئے خصوصی طیارہ کل سعودی عرب جائےگا۔ خلیجی ممالک میں مقیم شہریوں کو درپیش مہنگے ٹکٹس کا مسئلہ بھی حل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کو تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکہ کی براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی تھی۔

امریکہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے پی آئی اے کو اجازت دینے کا مراسلہ جاری کر دیا تھا جس کے مطابق قومی ائیر لائن ایک ماہ کے دوران ایک درجن پروازیں چلا سکتا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ براہ راست پروازوں کی اجازت ملک کی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری، حکومتی پالیسی اور پی آئی اے  کے سیکیورٹی سے متعلق اقدامات کی عکاس ہے۔

مزید پڑھیں: ایئر پورٹس پر پھنسے شہریوں کو وطن لانا پہلی ترجیح ہے، وزیر خارجہ

انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ذاتی طور پر امریکہ پروازیں چلانے اور وہاں پھنسے پاکستانیوں کو جلد از جلد واپس لانے کیلئے اقدامات کیے۔

اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پی آئی اے کو برطانیہ کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دے دی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق پی آئی اے کو اسلام آباد سے لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے لیے آٹھ پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق برطانیہ کے تین مختلف شہروں میں جانے والی پی آئی اے کی پروازیں پاکستان سے مسافروں کو لے کر جائیں گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس ضمن میں پی آئی اے کو واضح ہدایات دی تھیں کہ وہ اپنے تمام اڑان بھرنے والے جہازوں کو لازمی طور پرجراثیم سے پاک کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ تمام مسافروں کی مکمل طور پرکورونا وائرس اسکریننگ ہو۔

 


متعلقہ خبریں