معروف فکشن نگار اور مترجم ڈاکٹر آصف فرخی انتقال کر گئے


کراچی:معروف فکشن نگار اور مترجم ڈاکٹر آصف فرخی تین دن علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ڈاکٹر آصف فرخی کو دل کا دورہ پڑا تھا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ ان کی نمازجنازہ کل بعد نمازعصرجامعہ کراچی میں ادا کی جائے گی۔

ڈاکٹر آصف فرخی 16 ستمبر 1959ء کو کراچی میں نامور ادیب اسلم فرخی کے گھر پیدا ہوئے،ان کی والدہ ڈپٹی نذیر احمد کی پڑپوتی اور شاہد احمد دہلوی کی بھتیجی ہیں۔

معروف تعلیم دان پروفیسر انوار احمد زئی انتقال کر گئے

انہوں نے ڈائو میڈیکل کالج کراچی سے ایم بی بی ایس کیا جبکہ ہارورڈ یونیورسٹی امریکہ سے ماسٹرز کی ڈگری لی۔

ڈاکٹر آصف فرخی نے آغا خان یونیورسٹی کراچی، اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف اور حبیب یونیورسٹی کراچی میں عملی زندگی کی جدوجہد میں حصہ لیا۔

انہوں نے ادبی جریدے ’’دنیا زاد‘‘ کی ادارت اور ایک اشاعتی ادارے’’ شہرزاد‘‘ کی انتظامی ذمہ داریوں کو بہ خوبی نبھایا اور ساتھ ہی ساتھ افسانے لکھے، تراجم کئے، تنقید کی، اخبارات میں کالم لکھے اور شاعری بھی کی۔

ان کی مشہور کتابوں میں عالم ایجاد، آتش فشاں پر کھلے گلاب، چیزیں اور لوگ، چیزوں کی کہانیاں، اسم اعظم کی تلاش اور میرے دن گزر رہے ہیں شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں