کورونا، پاکستان میں ایک دن میں ریکارڈ 3,938 کیسز، اموات 1621 ہو گئیں 



اسلام آباد: پاکستان میں ایک دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 3,938 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 76,398 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 78 افراد زندگی کی بازی ہارگئے جب کہ گزشتہ 5 دنوں میں ملک بھر میں اموات کی تعداد 361 رہی جس کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 1,621 تک جا پہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے 27 ہزار 110 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں تعداد 29 ہزار 647 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی ادارہ صحت کا انتباہ: کورونا دوبارہ شدت پکڑ سکتا ہے

کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 27 ہزار 850، خیبرپختونخوا 10 ہزار 485، بلوچستان 4,514، اسلام آباد 2,893، گلگت بلتستان 738 اور آزاد کشمیر میں 271 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 540 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 503، خیبر پختونخوا میں 482، اسلام آباد میں 30، گلگت بلتستان میں 11، بلوچستان میں 49 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 16 ہزار 548 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر پانچ لاکھ 77 ہزار 974 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ اور جون میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آسکتے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرز نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہر ملک اس کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: 50 فیصد پاکستانی بیروزگار ہونے کے خوف کا شکار ہیں، سروے

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسزاوراموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔  معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گنجان آباد علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہیں۔

ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 26 کے قریب ایس او پیز جاری کرچکے ہیں اور پرہجوم جگہوں پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔ مساجد، دکانوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک لازمی استعمال کریں۔


متعلقہ خبریں