اسپین میں گزشتہ روز کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی

اسپین میں گزشتہ روز کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی

میڈرڈ: کورونا وائرس کے حملے میں شدید متاثر اسپین میں گزشتہ روز کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسپین میں کورونا وائرس کی بادل چھٹنے لگے۔ اسپین میں کورونا سے پہلی موت 13 فروری کو ہوئی تھی جس کے بعد وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آئی اور 3 مارچ کے بعد سے روزانہ ہی سینکڑوں لوگ کورونا وائرس سے مرنے لگے۔

وزارت صحت کے مطابق مارچ کے بعد گزشتہ روز پہلی دفعہ کورونا سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی جبکہ نئے کیسز کی تعداد میں بھی واضح کمی آئی ہے۔ اسپین بڑی تیزی کے ساتھ کورونا کی وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

اسپین اس وقت دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے جہاں اب تک کورونا سے 2 لاکھ 86 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 27 ہزار سے زائد افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔

اسپین حکومت نے واضح کیا ہے کہ کورونا پر قابو پانے کے باوجود ایس او پیز پر عملدرآمد جاری رہے گا اور ماسک کی پابندی برقرار رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں دنیا میں کورونا کیسز کی تعداد 63 لاکھ سے بڑھ گئی، 3 لاکھ 77 ہزار سے زائد ہلاکتیں

دو روز قبل بھی اسپین میں کورونا سے صرف دو افراد موت کا شکار ہوئے تھے جبکہ 24 گھنٹے کے دوران کیسز کی تعداد 96 تھی۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 63 لاکھ 66 ہزار سے زائد ہو گئی ہے اور تین لاکھ 77 ہزار 437 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ 29 لاکھ 3 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

امریکہ میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 369 اموات ہوئی ہیں اور جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ  چھ ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ امریکہ میں اٹھارہ لاکھ 59 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

برازیل امریکہ کے بعد 5 لاکھ سے زائد کورونا کیسز والا دوسرا ملک بن گیا ہے اور کیسز کی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار تک پہنچ گئی ہے جب کہ 30 ہزار سے زائد مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں