رکن سندھ اسمبلی معظم علی عباسی کورونا وائرس میں مبتلا


لاڑکانہ: سندھ اسمبلی کے رکن اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنما معظم علی عباسی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔

رکن سندھ اسمبلی معظم علی عباسی نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے اسمبلی اجلاس میں شرکت سے قبل کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آیا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مکمل طور پر حکومت کی جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کریں اور کورونا کو معمولی نہ سمجھیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اراکین اسمبلی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

دو ہفتے قبل رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سہراب سرکی سمیت گھر کے 6 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ اس سے قبل ایم کیو ایم کی رکن سندھ اسمبلی منگلا شرما بھی کورونا کا شکار ہو چکی ہیں۔

سینیٹ کے دو ارکان سینیٹر مولانا عطا الرحمان اور سینیٹر فدا محمد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری بھی کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔

گزشتہ ماہ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں کورونا، پاکستان میں ایک دن میں ریکارڈ 3,938 کیسز، اموات 1621 ہو گئیں 

گوجرانوالہ سے پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشست پر رکن اسمبلی بننے والی شاہین رضا کو کورونا کی تشخیص کے بعد گوجرانوالہ سے لاہور منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ میو اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ شاہین رضا پاکستان میں پہلی سیاستدان ہیں جن کا کووڈ 19 کے باعث انتقال ہوا۔

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے دو ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا۔

یاد رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ دو بار مثبت آچکا ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ صحت یاب ہو گئے۔


متعلقہ خبریں