’کورونا وائرس کے باعث ملک کو بند نہیں کیا جاسکتا‘


اسلام آباد: وزیر صحت خیبرپختون خوا تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملک کو بند نہیں کیا جاسکتا، احتیاط ہی بچاؤ کا واحد حل ہے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں صورت حال تشویشناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رکن سندھ اسمبلی معظم علی عباسی کورونا وائرس میں مبتلا

صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ کورونا وائرس سے طبی عملہ متاثر ہوا ہے۔

پروگرام میں موجود دوسرے مہمان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس پھیل رہا ہے اور سندھ میں اسپتال بند ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت  مسائل سے نمٹنے کے لیے کیوں اقدامات نہیں اٹھارہی؟

خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ روز بروز پیچھے جارہا ہے، کسی بھی مسئلے کا حل سامنے نہیں آرہا، اعتراف کرتے ہیں کہ سندھ میں کورونا کیسز زیادہ ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے پروگرام میں گفتگو کے دوران کہا کہ سندھ حکومت کی کوتاہیوں پر خاموش رہیں گے تو حالات قابو سے باہر ہو جائیں گے۔

خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ کورونا کے ساتھ کاروبار چلتے رہناچاہیے، ایس او پیز کے ساتھ ہم نے زندگی کو آگے بڑھانا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا، پاکستان میں ایک دن میں ریکارڈ 3,938 کیسز، اموات 1621 ہو گئیں 

خیال رہے کہ پاکستان میں ایک دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 3,938 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 76,398 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 78 افراد زندگی کی بازی ہارگئے جب کہ گزشتہ 5 دنوں میں ملک بھر میں اموات کی تعداد 361 رہی جس کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 1,621 تک جا پہنچی ہے۔


متعلقہ خبریں