بھارت میں کورونا مریضوں کیلئے ’ریمیڈیسیور‘ دوا کے ہنگامی استعمال کی منظوری


بنگلور: بھارتی حکومت نے کورونا وائرس کے علاج کے لیے ’ریمڈیسیور‘ دوا کے ہنگامی صورت میں استعمال کی منظوری دے دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ریمڈیسیور وہ واحد دوا ہے جس کے کلینیکل ٹرائلز کے دوران اسعتمال سے کورونا سے شدید متاثرہ مریضوں کی صحت میں بہتری آئی ہے۔

گزشتہ ماہ امریکہ کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے اس دوا کے ہنگامی طور پر استعمال کی اجازت دی گئی تھی اور اسے جاپانی ہیلتھ ریگولیٹرز کی بھی منظوری حاصل کی تھی۔

دنیا میں کورونا کیسز کی تعداد 63 لاکھ سے بڑھ گئی، 3 لاکھ 77 ہزار سے زائد ہلاکتیں

بھارت کے ڈرگ کنٹرولر جنرل کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ یکم جون سے ’ریمڈیسیور‘ کے استعمال کی اجازت اس شرط پر دی گئی ہے کہ ہنگامی صورتحال کے دوران کورونا مریضوں کو اس کی صرف پانچ خوراکیں ہی دی جائیں گی۔

دوسری جانب بھارتی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق کوویڈ 19 یعنی کورونا وائرس سے شدید طور پر متاثر ہونے والے بچوں اور جوانوں کے علاج کے لیے اس دوا کی منظوری دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل امریکی دوا ساز کمپنی نے کہا تھا کہ ‘ریمڈیسیور’  دوا نے کورونا وائرس کے مریضوں پر بہتر نتائج فراہم کیے ہیں جس کے بعد دوا کی سپلائی بڑھانے کے غرض سے کمپنی نے رواں ہفتے پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنے والے 5 عمومی دوا سازوں کے ساتھ نان ایکسکلیوسو لائسنس پیکٹس (معاہدوں) پر دستخط کیے ہیں۔

بھارت میں عالمی وبا کورونا سے اب تک 1 لاکھ 98 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ پانچ ہزار پانچ سو سے زائد اموات بھی ہو چکی ہیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں