وزیراعظم کی اسلام آباد کے گرین ایریاز کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت

وزیر اعظم کا پنجاب حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار

فوٹو: فائل


وزیر اعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ  اسلام آباد میں واقع گرین ایریاز کے تحفظ  کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ہر ممکن اقدامات اٹھائیں۔

مشیر ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، وزیر کے معاون خصوصی برائے وفاقی ترقیاتی ادرہ علی نواز اعوان، سیکریٹری داخلہ اور چیئرمین سی ڈی اے سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ قبضہ مافیا کی کارروائیوں کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت میں واقع گرین ایریاز کو نقصان پہنچا۔

وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت کے قدرتی حسن کو محفوظ رکھنے اور ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے گرین ایریاز میں کارپارکنگ کا مسئلہ حل کرنے سے متعلق تجاویز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔

مشیر ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے وزیراعظم کو وزارت ماحولیات کی جانب سے شروع کیے جانے والے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ منصوبوں میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا تحفظ اور فروغ کے منصوبے شامل ہیں۔

وزیراعظم کو وفاقی دارالحکومت کی تزئین و آرائش اور اسلام آباد چڑیا گھر کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: چڑیا گھر کو وسعت دینے کا منصوبہ تیار

ملاقات میں اسلام آباد میں تمام گرین ایریاز کی نشاندہی کرکے انہیں مارگلہ ہلز نیشنل پارک کا حصہ بنانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ 21 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بنیادی ضروریات اور سہولیات کی عدم دستیابی پر وفاقی دارالحکومت کے مرغزار چڑیا گھر کے تمام جانوروں کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلے میں حکم دیا تھا کہ مرغزار چڑیا گھر سے کاون ہاتھی کو 30 دن کے اندر محفوظ پناہ گاہ میں منتقل کر دیا جائے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے متعلقہ حکام کو کاون ہاتھی سے متعلق وائلڈ لائف بورڈ سری لنکن ہائی کمیشن سے بھی رابطہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ کاون کو ملک کے اندر یا بیرون ملک جہاں بھی ممکن ہو پناہ گاہ میں منتقل کیا جائے۔ اسلام آباد کا چڑیا گھر بنیادی ضروریات اور سہولیات نہیں رکھتاہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلے میں کہا تھا کہ مرغزار چڑیا گھر میں قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی تھی۔

خیال رہے کہ 7 مارچ کو مرغزار چڑیا گھر انتظامیہ کی غفلت کے باعث ہاتھی نے رات کھلے آسمان تلے بارش میں گزاری تھی۔

 


متعلقہ خبریں