شہباز شریف کا نیب کیس بہت خراب ہے، شیخ رشید


اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کا نیب سے متعلق کیس بہت خراب ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کی جانب سے شہباز شریف کے گھر پر ناکام چھاپے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہبازشریف لندن سے واپس ہیرو بننے آئے تھے۔ انشاللہ گرفتاریاں دونوں طرف ہوں گی،

شیخ رشید نے کہا کہ  شکر ہے کہ ن لیگی رہنما مریم نواز نے  دو تین دن سے بولنا شروع کردیا ہے۔ بتایا جائے کہ مریم نواز 6 ماہ سے کیوں چپ تھیں۔

انہوں نے کہا کہ 1985 سے لے کر اب تک کے تمام کیسز دیکھے جائیں گے۔ آٹا اور گندم والے اب گھیرے میں ہوں گے۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جا سکتا ہے، شیخ رشید احمد

خیال رہے کہ نیب لاہور کی ٹیم نے آج شہباز شریف کی لاہور رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا لیکن نیب ٹیم بغیر گرفتاری کے واپس گئی۔

نیب لاہور کی ٹیم نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی رہائش گاہ پر داخل ہونے کے بعد ن لیگ کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کو وارنٹ گرفتاری دکھا دیے تھے۔ ن لیگ سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کی بڑی تعداد بھی رہائش گاہ پر پہنچی تھی۔

اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ میاں شہباز شریف اپنی رہائش گاہ پر موجود ہی نہیں ہیں۔ اس سلسلے میں شریف خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب صبح پیشی پر گئے تھے لیکن اس کے بعد واپس نہیں آئے ہیں۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اس وقت کہاں ہیں؟ معلوم نہیں ہیں کیونکہ کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس وقت سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ کی تلاشی خواتین پولیس اہلکاروں کی مدد سے لی گئی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق رہائش گاہ میں داخل ہونے والی نیب ٹیم کے ساتھ گاڑی بھی موجود تھی جب کہ لاہورپولیس کی بھاری نفری نے بھی رہائش گاہ کو گھیرے میں لیا ہوا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق نیب لاہورمیں عدم پیشی پر پولیس کی بھاری نفری قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ میں داخل ہو گئی تھی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ان کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں