حکومتی نوٹس، یو ایچ ایس نے ایم بی بی ایس ضمنی امتحانات موخر کردیے


لاہور: پجانب حکومت کی جانب سے نوٹس لینے کے بعد یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ایم بی بی ایس ضمنی امتحانات موخر کردیے ہیں۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے حکومت کی جانب سے کورونا بندش کے باوجود کل سے صوبے بھر میں ایم بی بی ایس ضمنی امتحانات کا شیڈول جاری کردیا تھا۔

سیکریٹری صحت پنجاب نبیل اعوان نے یو ایچ ایس کے غیرذمہ درانہ رویے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پنجاب  بھر میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ایم بی بی ایس ضمنی امتحانات فوری روکنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا تھا۔

سیکریٹری صحت پنجاب نے مراسلہ میں کہا تھا کہ امتحانات کا انعقاد نیشنل اسٹریٹجی کمیٹی کا اختیار ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ایم بی بی ایس ضمنی امتحانات کا انعقاد کرانے سے قبل پنجاب حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا ہے۔

مراسلہ میں کہا گیا تھا کہ پرائیویٹ کالج کے طلبا کے فیس کا معاملہ الگ سے دیکھا جائے گا

خیال رہے کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے کل سے ایم بی بی ایس کے ضمنی امتحانات کا شِڈول جاری کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: سندھ: تعلیمی ادارے بدستور بند، امتحانی بورڈز کے دفاتر کھلیں گے

سیکریٹری صحت پنجاب کی جانب سے نوٹس لینے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے امتحانات موخر کرنے کا بیان جاری کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل پنجاب حکومت نے یکم جون سے سرکاری تعلیمی ادارے کھولنے کی خبروں کی تردید کردی تھی۔

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی اسکول کھولنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ اسکولز اور دیگر تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے ابھی مشاورت ہو رہی ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کورونا وائرس کے باعث ملک بھرمیں تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

وفاقی وزیرتعلیم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں