ڈاکٹروں، ہیلتھ کیئراسٹاف کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

موجودہ حکومت میں نیب کی کارکردگی بہترین رہی، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کورونا وائرس کے پیش نظر ڈاکٹروں اور ہیلتھ کیئراسٹاف کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر اسٹاف کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی وبا سے قوم کو محفوظ رکھنے میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کیئر اسٹاف ہمارا اول دستہ ہے۔ پوری قوم ان مسیحاؤں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صوبائی حکومتیں کورونا سے متعلق ایس او پیز پر عملد رآمد کی ترغیب دینے کیلئے کردار ادا کریں۔ عوام از خود کورونا سے بچاؤ کیلئے تجویز کردہ حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کی مختلف ضروریات سے متعلق اٹھائے گئےاقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال اور ملک میں موجود ہیلتھ کیئر کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ حکام نے اجلاس کو بتایا کہ موثر حکمت عملی کی بدولت کورونا کی تشخیص کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

خیال رہے کہ  پاکستان میں ایک دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 3,938 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 76,398 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 78 افراد زندگی کی بازی ہارگئے جب کہ گزشتہ 5 دنوں میں ملک بھر میں اموات کی تعداد 361 رہی جس کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 1,621 تک جا پہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے 27 ہزار 110 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں تعداد 29 ہزار 647 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی ادارہ صحت کا انتباہ: کورونا دوبارہ شدت پکڑ سکتا ہے

کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 27 ہزار 850، خیبرپختونخوا 10 ہزار 485، بلوچستان 4,514، اسلام آباد 2,893، گلگت بلتستان 738 اور آزاد کشمیر میں 271 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 540 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 503، خیبر پختونخوا میں 482، اسلام آباد میں 30، گلگت بلتستان میں 11، بلوچستان میں 49 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں