عوامی شخص کی تفتیش بھی عوام کے سامنے ہونی چاہیے، شاہد خاقان عباسی


لاہور: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عوام میں رہنے والے شخص کی تفتیش بھی عوام کے سامنے ہونی چاہیے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظوری پر عدالت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیب اور حکومت کی بدنیتی عوام کونظر آ گئی ہے، شہباز شریف پر آج تک ایک الزام ثابت نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ صاف پانی اور آشیانہ کیسز کا کیا ہوا؟ کچھ ثابت نہیں ہوا لیکن 10 سال وزیر اعلیٰ رہنے والے شخص کے خلاف سازشیں ہوتی رہی ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شہباز شریف کو 14 دنوں کی عبوری ضمانت ملی ہے۔ چیئرمین نیب زمان پارک لاہور میں مکان نمبر 2 لین نمبر ایک گھر کا بھی پتہ کریں کہ کس طرح بنا؟

انہوں نے کہا کہ نیب کیمرے لگا کر تفتیش کرے۔ شہباز شریف نیب کو تمام سوالوں کے جوابات دے رہے ہیں جبکہ عوام کے سامنے تفتیش ہو تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام میں رہنے والے شخص کی تفتیش بھی عوام کے سامنے ہونی چاہیے۔ شہباز شریف 70 دن نیب کے ریمانڈ اور اس کے بعد جوڈیشل کسٹڈی میں رہے۔

یہ بھی پڑھیں لاہور ہائی کورٹ نے شہبازشریف کی عبوری ضمانت منظور کرلی، نیب کو گرفتاری سے روک دیا

انہوں نے کہا کہ نیب چیئرمین حکومت کے ہاتھوں بلیک میل ہو رہے ہیں۔ فارن فنڈنگ کیس ہے لیکن کوئی کاغذ جمع نہیں ہوا۔ چیئرمین نیب بتائیں کہ کس مقصد کے لیے 28 مئی کو وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔


متعلقہ خبریں