سندھ میں کورونا سے مزید 29 افراد جاں بحق ہو گئے، وزیر اعلیٰ سندھ



کراچی: سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 32 ہزار910 تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 29 مریض جاں بحق ہو گئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آج سندھ میں کورونا کے ایک ہزار 824 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 26 ہزار78 ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کراچی میں کورونا کے ایک ہزار 284 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 555 ہو گئی اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 29 مریض انتقال کر گئے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں اس وقت 367 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور کورونا سے متاثر 56 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ آج سب سے زیادہ 7 ہزار 547 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس، پاکستان میں ایک دن میں ریکارڈ 4 ہزار سے زائد کیسز، اموات 1688تک جا پہنچیں

انہوں نے کہا کہ کورونا کے مزید 487 مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان میں مجموعی طور پر کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ روز پاکستان میں ایک روز میں کورونا کے 4 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 570 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 526، خیبر پختونخوا میں 490، اسلام آباد میں 34، گلگت بلتستان میں 12، بلوچستان میں 49 اور آزاد کشمیر میں 7 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ اور جون میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں