ن لیگی ایم پی اے شوکت منظور کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے

ن لیگی ایم پی اے شوکت منظور کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے

فائل فوٹو


لاہور: مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کے سبب انتقال کر گئے ہیں۔

ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ شوکت منظور چیمہ گزشتہ 10 روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ شوکت منظور چیمہ کو پی کے ایل آئی میں داخل کیا گیا تھا۔  شوکت چیمہ پی پی 51 سے رکن پنجاب اسمبلی تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شوکت منظور چیمہ کے کورونا کے باعث انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کے انتقال پر دلی دکھ ہوا ہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے۔

رکن خیبرپختونخوا اسمبلی میاں جمشید کاکاخیل کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔  میاں جمشید کاکاخیل کا کورونا ٹیسٹ گزشتہ ہفتے مثبت آیا تھا۔

کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا لیکن بعد میں طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

انہوں نے کچھ عرصہ قبل نوشہرہ کینٹ میں کرونا وائرس سے متاثر گھر کا دورہ بھی کیا تھا اور وہاں کے مکینوں کو علاج کی یقین دہائی کرائی تھی۔ میاں جمشید کاکاخیل کلثوم اسپتال اسلام آباد میں زیر علاج تھے۔

گزشتہ روز سندھ کے صوبائی وزیر برائے انسانی بستی مرتضیٰ بلوچ بھی کورونا وائرس کے سبب انتقال کر گئے تھے۔ مرتضیٰ بلوچ کا 14 مئی کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ غلام مرتضیٰ بلوچ18 دن کورونا وائرس میں مبتلا رہنے کے انتقال کر گئے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کا انتقال بھی کورونا وائرس سے ہوا تھا۔ گوجرانوالہ سے پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشست پر رکن اسمبلی بننے والی شاہین رضا کو رواں ہفتے گوجرانوالہ سے لاہور منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ میو اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ شاہین رضا پاکستان میں پہلی سیاستدان ہیں جن کا کووڈ 19 کے باعث انتقال ہوا ہے۔


یہ فوری خبر ہے۔ مزید تفصیلات اور معاملے کے درست حقائق جاننے کے لئے اس صفحہ کو ریفریش کریں۔
متعلقہ خبریں