ایف آئی اے نے شعیب اختر کو طلب کر لیا



لاہور: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے) سائبر کرائم نے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر کو طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق شعیب اختر کو پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے قانونی مشیر  تفضل رضوی کی درخواست پر 5 جون کو ایف آئی اے آفس بلایا گیا ہے۔

تفضل رضوی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ شعیب اختر نے ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا ہے۔

شعیب اختر نے تفضل رضوی کو قانونی نوٹس کا جواب بھجوا دیا

انہوں نے کہا کہ میں نے ہزاروں کیسز لڑے، کئی دفعہ ایسا ہوا کہ مخالفین نے بھی مجھ سے رائے لی۔

تفضل رضوی کا کہنا تھا کہ شعیب اختر نے بھی مجھ سے کئی مرتبہ مشورہ کیا اور وہ میرے دفتر بھی آتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق کرکٹر ہونے کے ناطے شعیب اختر کے بہت سے ڈسپلنری مسائل رہے ہیں جبکہ باب وولمر نے بھی اپنی رپورٹ میں شعیب اختر کے رویے کےبارے میں منفی رائے دی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میرا کلائنٹ ہے، وہاں کیسز جیتنے کی شرح 99 فیصد ہے۔

شعیب اختر کو لیگل نوٹس بھجوانے کے معاملے پر سابق کرکٹر محمد یوسف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ شعیب اختر پاکستان کا اسٹار کھلاڑی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شعیب اختر اور تفضل رضوی کو چاہیے کہ معاملہ افام و تفہیم سے حل کریں، باہمی اختلافات سے ہماری کرکٹ پیچھے اور نوجوان کھلاڑیوں پر بڑا اثر پڑتا ہے۔

سابق کپتان یونس خان کا کہنا تھا کہ میں شعیب اختر کے ساتھ ہوں،انہوں نے کڑوا سچ بولا، ایسا جواب دینا بہت حوصلے اور ہمت کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی  کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے شعیب اختر کے بیان کو جانچے۔


متعلقہ خبریں