کراچی: کورونا سے مزید 27 افراد جاں بحق، ایک ہزار487 متاثر

کراچی: ملیر میں 44 گھروں کے اطراف اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کورونا سے مزید 27 افراد جاں بحق جبکہ ایک ہزار487 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں کورونا سے اموات کی تعداد 453 جبکہ کیسز کی تعداد 26 ہزار 281 ہو چکی ہے۔

گزشتہ روز ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد خطرناک شرح سے بڑھ رہی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں اب تک 1128 بچوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آچکا ہے، دس سال سے کم عمر بچوں میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی شرح خطرناک ہے۔

ترجمان حکومت سندھ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن ہونے تک خواتین میں کورونا سے متاثر ہونے کی شرح کم تھی، لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں خواتین کی شرح 28 فی صد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: سندھ میں بزرگ سب سے زیادہ متاثر

انہوں نے بتایا کہ بازاروں میں خریداری کی وجہ سے خواتین بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئی ہیں۔

دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے 31 ہزار 86  مریض ہیں اور50 سال سے زائد عمر کے افراد سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے سبب جاں بحق ہونے والوں میں سب سے زیادہ تعداد50 سال سے زائد عمر والے افراد کی ہے۔ 61 سے 70 سال کے درمیان کے 161 افراد کورونا سےجاں بحق ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 51 سے 60 سال کے درمیان کے 153 افراد کی کورونا سے اموات ہوئیں۔ 71 سے 80 سال کی عمر کے 82 افراد کورونا کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ 41 سے 50 سال تک کی عمر کے 67 افراد کورونا سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

سندھ میں  81 سے 90 سال کی عمر کے 32 افراد کورونا کے باعث جاں بحق ہوئے ۔ 31 سے 40 سال کے 28 افراد کی کورونا وائرس موت واقع ہوئی۔ 21 سے 30 سال کے 12 نوجوان کورونا کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں نوجوان کورونا سے زیادہ متاثر

رپورٹ کے مطابق 11 سے 20 کے 8 اور ایک سے 10 سال کے 2 بچے بھی وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات ہوم آئسولیشن کے دوران ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں