کراچی میں آتشزدگی:50سے زائد باڑے جل گئے، درجنوں جانور جھلس کر ہلاک


کراچی میں لگنے والی آگ کی تباہ کاریاں

کراچی میں لگنے والی آگ کی تباہ کاریاں

Posted by HUM News on Thursday, June 4, 2020

کراچی کے علاقے سُرجانی ٹاؤن میں لگنے والی آگ سے پچاس سے زائد باڑے اور ان میں کھڑی متعدد بھینسیں جل گئی ہیں۔

آگ لگنے کی ابتدائی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے اور گزشتہ شب چلنے والی تیز ہواؤں سے آگ کی شدت اور پھیلاؤ میں اضافہ ہوا۔

کراچی کے مضافات سرجانی بھینس کالونی کے باڑوں میں آگ لگی اور دیکھتے دیکھتے اطراف میں پھیل گئی۔ علاقہ غیر آباد اور شہر سے دور ہونے کے باعث فائر بریگیڈ بھی تاخیر سے پہنچی اور باڑہ مالکان اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: آندھی و طوفان کے باعث تین جاں بحق 15 زخمی

آگ نے 50سے زائد باڑوں کو لپیٹ میں لیا۔ تو آگ کی لپیٹ میں آنے والے درجنوں مویشی جھلس کر ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس نے آتشزدگی کا سبب شاٹ سرکٹ  اور اُس میں اضافے کی وجہ  بھوسے کا ذخیرہ قرار دیا ہے۔  فائرٹینڈرز نے واٹر بورڈ کے اٹھارہ باوزر کی مدد سے آگ پر تین گھنٹے میں قابو پایا۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب کراچی کو شدید آندھی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پورا شہر کافی دیر تک گرد آلود ہواؤں کی لپیٹ میں رہا۔ آندھی کے باعث دیوار گرنے اور مختلف حادثات میں خاتون سمیت متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔

طوفانی ہواؤں کے بعد شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔ جن میں ملیر ہالٹ، معین آباد، طارق بن زیاد سوسائٹی، ماڈل کالونی، کھوکھراپار اور گلستانِ جوہر کے مختلف بلاکس شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک سے گزر رہا ہے، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں