ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا

فائل فوٹو


اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کودن ڈھلتے ہی وسطی اور جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

گزشتہ روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے علاقے بالاکوٹ میں 31 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ دیر میں 04 ملی میٹر، کاکول میں 03 ملی میٹر، مالم جبہ میں 02 ملی میٹر، کالام اور سیدو شریف میں 01 ملی میٹر بارش ہوئی۔

کشمیرکے اضلاع مظفرآباد میں 09 ملی میٹر، راولاکوٹ میں 07 ملی میٹر، گڑھی دوپٹہ میں 02 ملی میٹر، پنجاب کے اضلاع لاہور میں 05 ملی میٹر، خانیوال میں 04 ملی میٹر، اسلام آباد میں 03 ملی میٹر، مری اور بہاولپور میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بدھ کو کراچی میں آندھی اور طوفان کے باعث مکانات کی چھتیں اور دیوار گرنے سے خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور 15 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

کراچی میں آنے والی آندھی اور طوفان کے سبب سعدی ٹاؤن میں مکان کی دیوار گر گئی جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق ہو گئی۔

امدادی ادارے کے مطابق تیسر ٹاؤن، سرجانی میں ایک مکان کی چھت زمیں بوس ہوئی جس کے باعث ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

کورونا وبا: کراچی میں دو دن سے ہر 75 منٹ بعد ایک شخص جاں بحق

گلشن معمار میں بھی ایک مکان کی چھت تیز آندھی اور طوفان کے باعث گری جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔

ابو الحسن اصفہانی روڈ پر بجلی کا پول گرنے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے تاہم اس ضمن میں کسی بڑے نقصان کی تاحال اطلاع نہیں ملی ہے البتہ دیگر واقعات میں تقریباً ایک درجن افراد زخمی ہوئے۔


متعلقہ خبریں