مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، گورنر پنجاب کا اراکین برطانوی پارلیمنٹ کو خط


لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے 13 ماروائےعدالت قتل کے خلاف اراکین برطانوی پارلیمنٹ کو خط لکھ دیا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے خط میں برطانوی اراکین پارلیمنٹ سے بھارتی مظالم کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا مطالبہ کیا۔
گورنر پنجاب نے اراکین پارلیمنٹ کو یورپی پارلیمان میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے سے متعلق آگاہ کیا جبکہ گورنر پنجاب نے کشمیر میں مظالم اور خط کے بارے ویڈیو بیان بھی جاری کر دیا۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ برطانوی حکومت کشمیر میں بھارتی مظالم کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ بھارت کشمیر میں بدترین کرفیو لگا کر انسانی حقوق کا بھی قتل کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی بھارتی مسلمانوں اور کشمیریوں پر بربریت کی انتہا کر رہا ہے اس کا دنیا نوٹس لے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا اور ہم کشمیریوں کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی فورسز نے گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 گھنٹے کے دوران 14 کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔

قابض بھارتی افواج نے ضلع پونچھ کے مندھر گاؤں سمیت اطراف کے دیگر علاقوں میں فوجی آپریشن کے دوران 10 نوجوانوں کو شہید کیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس سے قبل وادی چنار میں قابض بھارتی افواج نے راجوری ڈسٹرکٹ کے علاقے نوشہرہ میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔

جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ (جے کے پی ایف ایل) کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے اپنے ایک بیان میں اے پی ایچ سی (اے جے کے) کے رہنما عبدالمجید میر کی رہائش گاہ پہ مارے جانے والے چھاپے کی شدید مذمت کی ہے۔

قابض فورسز نے کریم آباد پلوامہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران عبدالمجید میر کے بھائی عبدالکبیر میراوران کے دو صاحبزادوں کو بدترین جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ زخمی ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں مقبوضہ کشمیر: مئی میں 21 کشمیریوں نے جام شہادت نوش کیا

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد عبدالکبیر کو نامعلوم مقام پر لے گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں