ایم ڈی ایم اے نے صوبوں کو وینٹی لیٹرز اور ایکسرے مشینیں فراہم کر دیں

.


اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اسلام آباد سمیت دیگر صوبوں کو وینٹی لیٹرز، ایکسرے مشینیں اور دیگر سامان فراہم کر دیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کو 26، 26 آئی سی یو وینٹی لیٹرز اور بائی پیپ دیئے گئے ہیں۔ لاہور، راولپنڈی کو 10،10 اور ملتان کے لیے 6، 6 آئی سی یو وینٹی لیٹرز اور بائی پیپ فراہم کر دیے گئے ہیں۔

سندھ کو 16 ،16 آئی سی یو وینٹی لیٹرز اور بائی پیپ فراہم کیے گئے جبکہ کراچی 10، 10 اور سکھر کے لیے 6، 6 آئی سی یو وینٹی لیٹرز مختص کیے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا کو بھی 16 آئی سی یو وینٹی لیٹرز اور 16 بائی پیپ فراہم کیے گئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پشاور کو 10 ،10 اور ایبٹ آباد کے لیے 6، 6 وینٹی لیٹرز اور بائی پیپ دیئے گئے ہیں جبکہ چاروں صوبوں کو 10، 10 ایکسرے مشین بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کو بھی 5 ،5 ایکسرے مشینیں فراہم کی گئی ہیں۔

اسلام آباد پولی کلینک کو 5 آئی سی یو وینٹی لیٹرز اور 5 بائی پیپ جبکہ پمز اور پولی کلینک کو 5، 5 ایکسرے مشینیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔

گزشتہ ماہ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا تھا کہ ملک میں روزانہ 20 ہزار ٹیسٹ کرنے شروع کردیے جائیں گے اور 700 وینٹی لیٹرز جون کے آخر تک پاکستان پہنچ جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس، پنجاب میں مزید 37 افراد جاں بحق، 1615 نئے کیسز رپورٹ

پاکستان میں  کوروناوائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد چین سے بھی بڑھ گئی ہے اور 85 ہزار 264 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ ایک ہزار770 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گنٹوں کے دوران ریکارڈ 4 ہزار 688 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں دو دن کے دوران رپورٹ ہونے والے کورونا کیسز کی تعداد 9 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا سےمتاثرہ 30 ہزار 128 مریض صحتیاب ہو گئے۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 20 ہزار 167 ٹیسٹ کیے گئے۔ پاکستان میں ایکٹوکیسز کی تعداد 53 ہزار366 تک پہنچ چکی ہے۔


متعلقہ خبریں