دنیا مقبوضہ کشمیری بچوں پر جاری بدترین ظلم و ستم کا نوٹس لے، شبلی فراز

فائل فوٹو


اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ دنیا مقبوضہ کشمیری بچوں پر جاری بدترین ظلم و ستم کا نوٹس لے۔

جارحیت کا شکار بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی جرائم میں بچوں کی قید اور ان کی شہادتیں عالمی ضمیر پر سوالیہ نشان ہیں۔ بیلٹ گنز کے بے رحم استعمال نے بچوں کی بصارت چھین لی ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ مقبّوضہ وادی میں غیر انسانی اور تاریخ کا طویل ترین لاک ڈاؤن جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بچے بھی قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خوراک، ادویات اور بچوں کے لیے دودھ تک نہیں پہنچ پارہا۔ قابض بھارتی افواج کے جرائم پر انہیں کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر، 24گھنٹے کے دوران 14 کشمیری شہید

ہم نیوز کے مطابق قابض افواج نے بے گناہ اور نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑتے ہوئے صرف دو سال میں سینکڑوں کشمیری نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین سمیت بچوں کو یا تو بینائی جیسی نعمت سے یکسر محروم کردیا ہے اور یا پھر ان کی بینائی صرف 30 فیصد رہ گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں پر یہ ظلم بھارت کی قابض افواج نے پیلٹ گنز کے اندھا دھند اور بے دریغ استعمال سے ڈھایا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ اعداد و شمار ایک سروے کے نتیجے میں سامنے آئے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی قابض افواج کی درندگی سے متعلق گزشتہ سال عالمی ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں بھی شائع ہوئی تھیں، جن کے مطابق  پیلٹ گنز سے ننھے معصوم بچے بچیاں بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ایسی ہی ایک 19 ماہ کی معصوم بچی کی تصویر بھی منظر عام پر آئی تھی جس نے ہوش سنبھالنے سے قبل ہی بھارتی افواج کے ہاتھوں اپنی بینائی شدید متاثر کرالی تھی۔


متعلقہ خبریں