پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں کبڈی کھیلنے پر پابندی عائد


لاہور: محکمہ تعلیم کی جانب سے پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں میں کبڈی اور اس سے متعلقہ تمام کھیلوں پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

اس بات کا فیصلہ صوبہ پنجاب کے شہر میاں چںوں کے سرکاری اسکول میں کبڈی کھیلتے ہوئے چھٹی جماعت کے طالبعلم کی ہلاکت کے بعد کیا گیا۔

محکمہ تعلیم نے اپنے مراسلے میں تسلیم کیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کبڈی اور اس جیسے دیگرکھیل حادثات کا باعث بنتے ہیں۔

نوٹیفیکشن میں پی ٹی انچارج  کو اس بات کا پابند کیا گیا کہ وہ وقفے کے دوران طالب علموں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں  اور انہیں کبڈی جیسے کھیل کھیلنے سے روکیں۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اگر حکومتی پابندی پرعمل نہیں کیا گیا یا اس کی خلاف ورزی کی گئی تو تعلیمی اداروں کے سربراہان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دو روز قبل میاں چنوں کے گورنمنٹ خانیوال ہائی اسکول میں ایک طالب علم اس وقت انتقال کر گیا تھا جب وہ اپنے ساتھی طلبہ کے ساتھ تھپڑ کبڈی کھیل رہا تھا۔ کبڈی کے کھیل کی اس قسم میں کھلاڑی ایک دوسرے پر تھپڑ برساتے ہیں جو تھپڑ نہ سہہ سکے اور دستبردار ہو جائے اسے شکست خوردہ تسلیم کر لیا جاتا ہے۔

خانیوال اسکول میں اسی کھیل کے دوران چھٹی جماعت کا طالبعلم بلال اپنے ساتھی عامر کے تھپڑوں کی بارش برداشت نہ کرسکا اور جان کی بازی ہار گیا تھا۔


متعلقہ خبریں