طیارہ حادثہ: وائس رکارڈر، ڈیٹا ریکارڈ باکس لے کر ٹیم فرانس چلی گئی، وزیر ہوا بازی


لاہور: وزیر ہوا بازی غلام سرور خان  نے کہا ہے کہ وائس رکارڈر اور ڈیٹا ریکارڈ باکس لے کر تحقیقاتی ٹیم فرانس چلی گئی ہے۔

لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طیارے میں عملے سمیت 99 افراد سوار تھے۔ دلی طور پر طیارہ حادثے کا بہت افسوس ہے۔ وزیراعظم نے تمام وزرا کو ہدایت کی کہ شہدا کے لواحقین سے ملاقات کریں۔

غلام سرور نے کہا فرانسیسی ٹیم دونوں باکس ساتھ لے کر فرانس چلی گئی ہے۔ امید ہے کہ آئندہ ایک ہفتے میں ابتدائی معلومات سامنے آجائیں گی۔ ابتدائی انکوائری رپورٹ 22 جون تک پبلک کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی انکوائری جلد ازجلدشفاف، منصفانہ اور غیر جانبد ارانہ ہو۔ ایک ہفتے میں ڈیٹا اور وائس باکس میں ابتدائی معلومات آجائیں گی۔ طیارے کے وائس باکس اور ڈیٹا باکس ریکور ہوچکے۔ طیارہ حادثے کی تین میتوں کی شناخت ابھی باقی ہے۔

وفاقی وزیر ہوا بازی نے کہا کہ کل سے اسمبلی کا اجلاس شروع ہورہا ہے۔ طیارے حادثے پر قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی بات ہوگئی۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ طیارے حادثے کی تحقیقات جلد از جلد ہو۔ قومی اسمبلی میں ایئربلو سمیت تمام حادثوں کی رپورٹ پیش کریں گے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم پی آئی اے طیارہ حادثہ کیس کی شفاف اور غیرجانبدار تفتیش یقینی بنائیں، پالپا

وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ شہدا کے لواحقین کو 10،10 لاکھ روپے پہنچا دیے گئے ہیں۔ انشورنس کی رقم کی منتقلی میں 4 سے6 ماہ لگیں گے۔ طیارہ حادثے کی مکمل رپورٹ آنے میں 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔

غلام سرور نے کہا کہ انہوں نے خود جائے حادثہ کی جگہ کا بھی دورہ کیا ہے۔ جائے حادثہ پر گھروں میں کام کرنے والی 3 لڑکیوں میں سے ایک جاں بحق ہوگئی۔ جاں بحق لڑکی کے ورثا کو بھی امدادی طور پر 10لاکھ روپے دیے گئے ہیں۔ طیارے حادثے میں زخمیوں کو 5،5لاکھ روپے دے رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ جائے حادثہ پر مکانات اور گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔ جائے حادثہ کے تمام متاثرہ لوگوں کو بھی امداد دی جائے گی۔

غلام سرور خان نے کہا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لا رہے ہیں۔ امریکہ سے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے خصوصی پرواز چلائی ہے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی مدد کی جائے۔ ایک لاکھ کے قریب اوورسیز پاکستانی واپس آنا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آئی اے اپنی تمام ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے اور دیتا رہے گا۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ چترال سے آنے والے حادثے کا شکار اے ٹی آرطیارے کی انکوائری رپورٹ بھی سامنے لائے۔

 


متعلقہ خبریں