ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا


کراچی: متحدہ قومی مومنٹ پاکستان  کے رہنما فیصل سبزواری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، جس کی انہوں نے خود تصدیق کردی ہے۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں ایم کیو ایم لیڈر فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ‏گذشتہ دنوں میرے والدین، زوجہ اور 2 بیٹیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

فیصل سبزواری نے کہا آج میرا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے۔ اہل خانہ میں صرف منجھلی بیٹی اور مدیحہ کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔  تمام احباب سے دعا کی درخواست ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا۔

انفارمیشن سیکریٹری پیپلز پارٹی احسان ابڑو نے بتایا تھا کہ مولا بخش چانڈیو کی اہلیہ ، بیٹا، بہو اور ایک ملازمہ کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: دنیا میں65 لاکھ سے زائد افراد متاثر،388,422 جاں بحق

انہوں نے بتایا تھا کہ مولا بخش چانڈیو سمیت تمام افراد نے خود کو گھر میں آئیسولیٹ کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ سندھ اسمبلی کے آٹھ اراکین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

3 جون کو سندھ اسمبلی کا اجلاس شیڈول ہے جس میں شرکت کے لیے تمام اراکین کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

سیکرٹری سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ کرائے بغیرکسی رکن کو اسمبلی آنے کی اجازت نہیں ہوگی، ڈپٹی اسپیکراوراسپیکر سندھ اسمبلی بھی کورونا ٹیسٹ کرائیں گے۔

سیکریٹری سندھ اسمبلی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت کی ہدایت پر تمام ارکان اسمبلی کوعمل کرنا ہوگا۔


متعلقہ خبریں