کورونا، پاکستان میں ایک دن میں ریکارڈ 4 ہزار 896 کیسز، اموات 1838تک جا پہنچیں


اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ 4,896 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 89,249 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 68 افراد زندگی کی بازی ہارگئے جس کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 1,770 تک جا پہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے 31 ہزار 198 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں تعداد 33 ہزار 536 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی ادارہ صحت کا انتباہ: کورونا دوبارہ شدت پکڑ سکتا ہے

کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 33 ہزار 144، خیبرپختونخوا 11 ہزار 890، بلوچستان 5,582، اسلام آباد 3,946، گلگت بلتستان 852 اور آزاد کشمیر میں 299 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 629 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 575، خیبر پختونخوا میں 521، اسلام آباد میں 41، گلگت بلتستان میں 12، بلوچستان میں 53 اور آزاد کشمیر میں 7 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 22 ہزار 812 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر چھ لاکھ  38 ہزار 323 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ اور جون میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آسکتے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرز نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہر ملک اس کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: 50 فیصد پاکستانی بیروزگار ہونے کے خوف کا شکار ہیں، سروے

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسزاوراموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔  معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گنجان آباد علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہیں۔

ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 26 کے قریب ایس او پیز جاری کرچکے ہیں اور پرہجوم جگہوں پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔ مساجد، دکانوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک لازمی استعمال کریں۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز