خیبرپختونخوا: سیاحت کھولنے کیلئے ایس او پیز منظور


خیبرپختونخوا: سیاحت کھولنے کیلئے ایس او پیز منظور

Posted by HUM News on Thursday, June 4, 2020

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سیاحت کا شعبہ کھولنے کے لئے ایس او پیز کی منظوری دے دی ہے۔

مشیراطلاعات اجمل وزیر کہتے ہیں کہ صوبے میں کورونا سے بچاو کے ایس او پیز پر عملدآمد نہ کرنے والوں کے ساتھ سختی کیا جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مناسب ایس او پیز کے تحت سیاحت کا شعبہ کھول رہے ہیں، اس سلسلے میں عوام اور تاجروں کا تعاون بہت اہم ہے۔

حکومتی ہدایات پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا اور خلاف ورزی کرنے والے سیکٹر کو بند کردیں گے۔ یاد رہے کہ یکم جون کو وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کے دوران ملک میں سیاحت کا شعبہ کھولنے کا عندیہ دیا تھا۔

عمران خان نے کہا تھا کہ دیگر کاروباری شعبوں کی طرح لاک ڈاؤن کے سبب بند ہونے والے سیاحتی شعبے کو ایس او پیز کے تحت دوبارہ کھولا جائے۔

وزیراعظم کی ہدایت کے بعد خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان حکومتوں نے ‘کنٹرولڈ ٹورازم’ کے تحت سیاحتی مقامات کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

‘کنٹرولڈ ٹورازم’ کے تحت ایڈونچر ٹورازم سمیت متعدد سیاحتی مقامات کو ایس او پیز کے تحت کھولا جائے گا۔ گلگت بلتستان میں صرف ان سیاحوں کو سیاحتی مقامات کی طرف جانے کی اجازت ہوگی جنہوں نے پہلے سے ہوٹلز کی بکنگ کروا رکھی ہے۔

سیاحتی مقامات پر رش کم رکھنے کیلئے صرف ایڈوانس بکنگ والے سیاح داخل ہو سکیں گے۔ سیاحت کے دوران سماجی فاصلہ اور دیگر احیتاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنا بھی لازم ہوگا۔

صوبائی حکومت اس بات کو بھی یقینی بنانے کی کوشش کرے گی کہ کورونا وائرس سے انفیکٹڈ سیاح داخل نہ ہوں۔

ہوٹل مالکان کو پابند کیا جائے گا کہ انٹری کے وقت تمام سیاحوں کا جسمانی درجہ حرارت چیک کیا جائے۔ علاوہ ازیں سیاحوں کیلئے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ کی شرط لازم قرار دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں