رکن سندھ اسمبلی شاہانہ اشعر کا کورنا ٹیسٹ مثبت آگیا


کراچی: متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کی رکن سندھ اسمبلی شاہانہ اشعر کا کورنا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا، جس کا انکشاف صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہوا۔

سندھ اسبلی اجلاس کے دوران اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی شبیر بجارانی نے انکشاف کیا کہ ممبر صوبائی اسمبلی شاہانہ اشعر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

رکن اسمبلی شبیر بجارانی کے انکشاف کے بعد کورونا وائرس کا شکار شاہانہ اشعر اسمبلی اجلاس چھوڑ کر چلی گئیں۔

صوبائی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شبیر بجارانی نے کہا کہ رہنما متحدہ قومی مومنٹ اور رکن سندھ اسمبلی کنور نوید کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ ابھی تک نہیں آئی ہے۔

شبیر بجارانی نے کہا کہ جن ارکان کی کورونا رپورٹس ابھی تک نہیں آئیں، انہیں اسمبلی اجلاس میں شرکت نہیں کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ شاہانہ اشعر گزشتہ روز بھی سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئی تھیں۔

 مزید پڑھیں: دنیا میں کورونا کیسز کی تعداد 67 لاکھ سے بڑھ گئی، 3 لاکھ 93 ہزار سے زائد ہلاکتیں

یاد رہے کہ گزشتہ روز  متحدہ قومی مومنٹ پاکستان  کے رہنما فیصل سبزواری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

اپنے ایک ٹوئٹ میں ایم کیو ایم لیڈر فیصل سبزواری نے کہا تھا کہ ‏گذشتہ دنوں میرے والدین، زوجہ اور 2 بیٹیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

خیال رہے کہ  چند روز قبل  پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا۔

انفارمیشن سیکریٹری پیپلز پارٹی احسان ابڑو نے بتایا تھا کہ مولا بخش چانڈیو کی اہلیہ ، بیٹا، بہو اور ایک ملازمہ کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ مولا بخش چانڈیو سمیت تمام افراد نے خود کو گھر میں آئیسولیٹ کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ سندھ اسمبلی کے آٹھ اراکین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے


متعلقہ خبریں