اوگرا نے پیٹرول کی زائد قیمت پر فروخت کا نوٹس لے لیا


اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے  ہائی اوکٹین پیٹرول کی زائد قیمت پر فروخت کا نوٹس لے لیا ہے۔

ترجمان اوگرا عمران غزنوی کا کہنا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے ہائی اوکٹین پیٹرول کے معاملے  پر وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں پیٹرول کی مناسب قیمت مقرر کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پیٹرول سستا ہونا عوام کو مہنگا پڑگیا

عمران غزنوی نے مزید کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے، صارفین کو ہائی اوکٹین کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ منتقل کیا جائے۔

ترجمان اوگرا نے ہم نیوز کو مزید بتایا کہ مسابقتی کمیشن بھی اس سلسلے میں زیادہ قیمتوں پر نوٹس لے چکا ہے۔

دوسری جانب ترجمان  پٹرولیم ڈویژن ساجد محمود قاضی نے ہم نیوز سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ ملک میں پٹرو ل اور ڈیزل کی  کوئی کمی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وافر مقدار میں پٹرول  کا  ذخیرہ موجود ہے اور ااج بھی کراچی میں ڈیزل کا شپ لنگرانداز ہوگا۔

ساجد محمود قاضی نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز بھی پٹرول کا شپ لنگرانداز ہوا تھا اور ملک میں پیٹرول کی کمی نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس او سرکاری آئل کمپنی ہے، وہ پٹرول فروخت  کرنے سے انکار نہیں کرسکتی۔

ترجمان  پٹرولیم ڈویژن نے عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام ضرورت کے مطابق پٹرول خریدیں تو اچھا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں ،ترجمان اوگرا

ساجد محمود قاضی کا کہنا تھا کہ پٹرول اور ڈیزل کابیک اپ نہ رکھنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔

سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر اوگرا شاہد نعمان افضل نے کہا کہ ملک میں پٹرول کا 3 یا 4 روز کا اسٹاک موجود  ہے، 2015 میں بھی پٹرول اور ڈیزل کا بحران پیدا ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں