ملک مزید لاک ڈاؤن برداشت نہیں کر سکتا، وزیراعظم



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک مزید لاک ڈاؤن برداشت نہیں کر سکتا ہے اس کا سب سے زیادہ نقصان غریب لوگوں کو ہوتا ہے۔

ٹائیگر فورس کے رضا کاروں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا اگر محدود لاک ڈاوَن کیا تو کورونا ٹائیگر فورس کی مدد کی ضرورت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے رضاکاروں کی ضرورت تھی جو عوام میں جا کر کورونا وائرس سے بچاؤ کے طریقوں کے حوالے سے آگاہی دیں۔

وزیراعظم نے یہ کہا کہ ہم واحد مسلمان ملک تھے جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ رمضان البمبارک کے دوران مساجد کھلی رکھی جائیں گی اور اس سلسلے میں ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مخالفین نے ہمارے اس اقدام کی بہت مخالفت کی لیکن ہمارے مشاہدے میں یہ بات آئی کہ مساجد سے کورونا کا پھیلاؤ نہیں ہوا اور آج دنیا کے دیگر ممالک بھی ایس او پیز پر عمل کر کے مساجد کھول رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم اب بھی عوام کو احتیاط کروائیں تو ہم اس مشکل وقت سے نہیں گزریں گے جس سے دنیا کے دیگر ممالک گزرے۔

جب تک ویکسین نہیں آ جاتی ہمیں کورونا کیساتھ گزارا کرنا ہے، عمران خان

وزیراعظم نے کہا کہ بزاریل اور امریکا میں شرح اموات بہت زیادہ ہے لیکن اس کے مقابلے پاکستان میں حالت خاصی بہتر ہے لیکن پھر بھی افسوس کی بات ہے کہ اتنی اموات ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کو عوام میں شعور پیدا کرنا ہے اگر ایسا کرنے میں کامیاب ہوگئے تو کورونا کے کیسز میں کمی آسکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انڈسٹری اور کنسٹرشن کھولنے کا مقصد لوگوں کو روزگاری کی فراہمی تھی، اگراحساس پروگرام کے تحت پیسہ نہ پہنچاتے تو آج حالات بہت خراب ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث وہ ملک جو دوسروں کو قرضہ دیتے تھے آج وہ مقروض ہوگئے ہیں۔

ٹائیگر فورس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس میں شامل نوجوانوں کو کارڈ دیئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹائیگرفورس نے بے روزگار افراد کا ڈیٹا حکومت کو دینا ہے جس کے مطابق بے روزگار افراد کو اب پیسے دیئے جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ٹڈی دل سے متعلق بھی ٹائیگرفورس کی مدد کی ضرورت پڑے گی، افریقہ میں ٹڈی کے باعث قحط پڑ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں10 ارب درخت لگانے کے پروگرام میں ٹائیگرفورس کو شامل کریں گے، شہروں میں کئی علاقے ایسے ہیں جہاں ہم درخت لگا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں