پی کے ایل آئی میں کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے گنجائش ختم

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے گنجائش ختم ہو گئی۔

لاہور کے پنجاب کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) نے کورونا وائرس کے مزید مریض داخل کرنے سے معذرت کر لی۔

ترجمان پی کے ایل آئی کے مطابق اسپتال میں 75 مریضوں کو آئسولیشن وارڈز میں رکھنے کی گنجائش موجود ہے جبکہ 8 وینٹی لیٹرز بھی کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے مختص ہیں۔

ترجمان کے مطابق محکمہ صحت کواسپتال میں گنجائش ختم ہونے کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔

پاکستان میں  کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد چین سے بھی بڑھ گئی ہے اور 93 ہزار 983 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ ایک ہزار 935 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گنٹوں کے دوران 4 ہزار 734 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں کورونا سےمتاثرہ 32 ہزار 581 مریض صحتیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس: دنیا میں65 لاکھ سے زائد افراد متاثر،387,957 جاں بحق

پاکستان کا صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 35 ہزار 308 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 34 ہزار 889، خیبرپختونخوا 12 ہزار 459، بلوچستان 5 ہزار 776، اسلام آباد 4 ہزار 323، آزادکشمیر 331 اور گلگت بلتستان میں 897 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 659 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 615، خیبر پختونخوا میں 541، اسلام آباد میں 45، گلگت بلتستان میں 13، بلوچستان میں 54 اور آزاد کشمیر میں 8 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گیں۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسزاوراموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔  معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گنجان آباد علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہیں۔


متعلقہ خبریں