کورونا وائرس کو سنجیدہ لیا جائے، اسد عمر


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو سنجیدہ لیا جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد ضروری ہے۔ کورونا سے ہمارے پیارے جاں بحق ہورہے ہیں۔ انسانی جان قیمتی ہے اور ہمیں اس کی قدر کرنی ہے۔ قومی پالیسیاں سب کچھ مدنظر رکھ کر بنائی جاتی ہیں۔

اسدعمر نے کہا کہ پاکستان میں ہر 10 لاکھ میں 9 افراد جاں بحق ہوئے۔ کورونا سے گزشتہ 100 دنوں میں 1900 افراد جاں بحق ہوئے۔ ایس او پیزکی خلاف ورزی پرکارروائیاں ہورہی ہیں۔ آج 100 سے زائد لیبارٹری ٹیسٹ کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2200 سے زائد یومیہ ٹیسٹ کرسکتے ہیں۔ احتیاط نہ کرنے والے زندگی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ضرورت کے مطابق وینٹی لیٹرز کی تعداد میں اضافہ کریں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ ملک میں اس وقت وینٹی لیٹرز کی تعداد میں دو گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ وینٹی لیٹرز کی دستیابی سےمتعلق نیانظام شروع کررہے ہیں۔ آئی سی یوبیڈز، وینٹی لیٹرزکی دستیابی سے متعلق ایپ بنائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، ریسکیو ادارے ایپ کے ذریعے معلومات حاصل کرسکیں گے۔ چاہتے ہیں زندگی کا پہیہ چلتےرہےاورلوگ روزگار کماتے رہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں  کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد چین سے بھی بڑھ گئی ہے اور 93 ہزار 983 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ ایک ہزار 935 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گنٹوں کے دوران 4 ہزار 734 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں کورونا سےمتاثرہ 32 ہزار 581 مریض صحتیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس: دنیا میں65 لاکھ سے زائد افراد متاثر،387,957 جاں بحق

پاکستان کا صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 35 ہزار 308 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 34 ہزار 889، خیبرپختونخوا 12 ہزار 459، بلوچستان 5 ہزار 776، اسلام آباد 4 ہزار 323، آزادکشمیر 331 اور گلگت بلتستان میں 897 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 659 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 615، خیبر پختونخوا میں 541، اسلام آباد میں 45، گلگت بلتستان میں 13، بلوچستان میں 54 اور آزاد کشمیر میں 8 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 185 ٹیسٹ کیے گئے گئے جب کہ مجموعی طور پر 6 لاکھ 60 ہزار 508 ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں