رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا


اسلام آباد: متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آگئی ہے۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسامہ قادری نے کہا کہ جمعرات کو گھر پر اپنا اور بچوں کا ٹیسٹ کرایا تھا۔ آج رپورٹ آئی ہے جس میں میرا اور میرے بیٹے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری نے کہا کہ میں اسلام آباد میں ہوں اور بیٹا کراچی میں ہے۔ فی الحال کوئی علامت ظاہرنہیں ہوئی ہے، سیلف آئسولیشن اختیار کرلی ہے۔

خیال رہے کہ آج ہی ممبر قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

اپنے بیان میں ترکئی نے بتایا کہ ان کی اہلیہ، بیٹے اور بہو کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ہم نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والا کورونا وائرس اراکین پارلمینٹ میں بھی تیزی سے پھیلنا شروع ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیں:  دنیا میں کورونا کیسز کی تعداد 65 لاکھ 24 ہزار سے بڑھ گئی، 3 لاکھ 85 ہزار سے زائد ہلاکتیں

اب تک کے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 44 اراکین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جب کہ پانچ اراکین پارلیمنٹ دار فانی سے کوچ بھی کرچکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق اب تک قومی اسمبلی کے دس، سینیٹ کے چار،  پنجاب اسمبلی کے پانچ، سندھ اسمبلی کے 12، خیبرپختونخوا اسمبلی کے آٹھ اور بلوچستان اسمبلی کے پانچ اراکین کورونا کا نشانہ بن چکے ہیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ایک ایک رکن جہان فانی سے کوچ کرگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: عالمی وبا کے خوں آشام پنجے تیز، اہم شخصیات نشانہ بننے لگیں

جہان فانی سے کوچ کر جانے والوں میں سندھ کے وزیرمرتضیٰ بلوچ ، خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن میاں جمشید کاکا خیل، پنجاب اسمبلی کے اراکین شوکت منظور چیمہ ، شاہین رضا اور بلوچستان اسمبلی کے رکن سید فضل آغا شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کے رکن منیراورکزئی کا بھی انتقال ہوا ہے لیکن ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ انہوں نے داعی اجل کو لبیک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے کہا ہے۔

مرحوم رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی میں کورونا وائرس کی بھی تصدیق ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں