برطانیہ نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی


کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر برطانیہ اور برٹش ایئرویز نے پاکستان سمیت دنیا کے تمام ممالک کو ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

برطانوی حکومت نے بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں پر قرنطینہ کی شرط عائد کردی ہے۔

برطانوی حکومت اور برٹش ایئرویز کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق 8 جون سے برطانیہ پہنچنے والے مسافروں پرقرنطینہ کی شرط عائد کردی گئی ہے۔ مسافربرطانیہ پہنچنے پراپنی رہائش گاہوں پر قرنطینہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں دو لاکھ 83 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے مریض ہیں اور 40 ہزار دو سو سے زائد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

برطانیہ میں کورونا ٹیسٹ اینڈ ٹریس سسٹم لاگو کردیا گیا ہے اور کورونا مریضوں سے ملاقات کرنے والوں کو آئسولیٹ کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا میں کورونا کیسز کی تعداد 68 لاکھ 68 ہزار سے زائد ہو گئی ہے اور تین لاکھ 98 ہزار 586 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ 33 لاکھ 63 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

امریکہ میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 715 اموات ہوئی ہیں اور جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ گیارہ ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ امریکہ میں انیس لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

برازیل امریکہ کے بعد 6 لاکھ سے زائد کورونا کیسز والا دوسرا ملک بن گیا ہے اور کیسز کی تعداد 6 لاکھ 46 ہزار تک پہنچ گئی ہے جب کہ 35 ہزار سے زائد مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں88 اموات، مجموعی تعداد1483ہوگئی

روس میں 4 لاکھ 49 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ 5 ہزار پانچ سو سے زائد اموات واقع ہوچکی ہیں۔

اٹلی میں کورونا وبا سے مزید 71 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 33 ہزار سات سو سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ دو لاکھ 34 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

فرانس میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 29 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 52 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔

جرمنی میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار 7 سو سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 85 ہزارسے تجاوز کرگئی ہے۔

ترکی میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار چھ سو سے زائد جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 68 ہزار340 ہوگئی ہے۔


متعلقہ خبریں