’ عمران خان یہ ماننے کو تیار نہیں کہ ملک میں انتشار اور فساد بڑھا ہے ‘


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان یہ ماننے کو تیار نہیں کہ ملک میں انتشار اور فساد بڑھا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اگر ہمیں اس کے خلاف  لڑنا ہے تو فرنٹ لائن ڈاکٹرز کا ساتھ دینا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی انا ان کے آنکھوں کے سامنے پردے کی مانند ہے جبکہ اسد عمر ابھی بھی کہتے ہیں گھبرانے کی بات نہیں۔

سندھ میں کورونا سے اموات کی تعداد 650 ہو گئی

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی ٹیسٹنگ کا عمل بہت سست روی کا شکار ہے،حکومت مسئلے کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 16 مریض انتقال کر گئے ہیں جبکہ ایک ہزار 744 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 38 ہزار 108 ہو گئی جبکہ اموات کی تعداد 650 ہو گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں آج کورونا کے 1081 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد شہر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 30 ہزار 147 ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد چین سے بھی بڑھ گئی ہے اور 98 ہزار 943 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ 2 ہزار 2 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 960 نئے کیسز رپورٹ ہوئےجبکہ مزید 67 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔۔ ملک بھر میں کورونا سےمتاثرہ 33 ہزار 465 مریض صحتیاب ہو گئے۔


متعلقہ خبریں