پنجاب: کاروباری اوقات کارمیں ایک بار پھر ترمیم

فائل فوٹو


لاہور: حکومت پنجاب نے کاروباری اوقات کار میں ایک بار پھر ترمیم کر دی ہے۔ بیکریز، ملک شاپس، دودھ دہی کی دکانوں، چکن اور میٹ شاپس کے اوقات کارمیں تبدیلی کی گئی ہے۔

سیکرٹری ہیلتھ کئیر کے مطابق  بیکریاں اور دودھ دہی کی دکانیں ہفتہ بھر 24 گھنٹے کھلی رہ سکیں گی۔ چکن اور میٹ شاپس صبح 9 سے شام 7 بجے تک ہفتے بھر کھلی رہ سکیں گی۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور میں بیکریوں اور ملک شاپس پر تمام ایس او پیز پر عمل کرنا لازم ہوگا۔ نوٹیفیکیشن کا اطلاق فی الفور ہو گا اور تا حکم ثانی لاگو رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں مزید 813 افراد کورونا میں مبتلا،32 افراد جاں بحق

لاہور میں لاک ڈاؤن اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ کورونا ایس او پیز اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ایک سو تیتیس مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی طور پر نو سو تریسٹھ دکانوں کو سیل کیا گیا اور دو ہزار آٹھ سو بتیس دکانداروں کو وارننگ بھی دی گئی۔

بغیر ماسک ڈرائیونگ کرنے والے افراد کو بھی چالان ٹکٹ جاری کئے جا رہے ہیں۔ بغیر ماسک ڈرائیونگ پر تین ہزار ساٹھ موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 38 ہزار 903 ہو گئی ہے اور 715 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

لاہور میں مزید ایک ہزار 45 افراد، ننکانہ میں 4 افراد، قصور میں 22 افراد، شیخوپورہ میں 14 افراد اور راولپنڈی میں 128 افراد کورونا مبتلا ہوئے۔

جہلم میں مزید 12 افراد، چکوال میں ایک، گوجرانوالہ میں 36 اور سیالکوٹ میں 31 کیسز رپورٹ ہوئے۔ نارووال میں ایک، گجرات میں 11، حافظ آباد میں 3، منڈی بہاؤ الدین میں 2 اور ملتان میں 143 کیسز رپورٹ ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق خانیوال میں 7، وہاڑی میں 10، فیصل آباد میں 148، چنیوٹ میں 25، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 32 اور جھنگ میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں