پاکستان: کورونا کیسز ایک لاکھ تک پہنچنے میں کتنے دن لگے؟

پاکستان میں کورونا

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور مریضوں کی تعداد ایک لاکھ  سے بڑھ گئی ہے۔

پہلے دس ہزار کیسز تک پہنچنے میں  پاکستان کو ستاون روز لگ جبکہ آخری دس ہزار کیسز صرف دو روز میں رجسٹر ہوئے۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا اور پہلے ایک ہزار کیسز تک پہنچنے میں 26 روز کا وقت لگا تھا۔ 57 دن بعد22 اپریل کو کورونا کیسز کی تعداد دس ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تین مئی کو کورونا کیسز کی تعداد بیس ہزار سے بڑھ گئی اور دس مئی کو پاکستان میں کورونا نے تیس ہزار کا ہندسہ عبور کیا۔ 16 مئی کو صرف چھ روز میں اگلے دس ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کوروناکیسز ایک لاکھ سے بڑھ گئے

پانچ روز بعد اکیس مئی کو کورونا مریضوں کی تعداد 50 ہزارسے زائد ہوگئی۔ 27مئی کو چھ روز بعد  کورونا کیسز کی تعداد ساٹھ ہزار سے بڑھ گئی۔ پانچ روز بعد یکم جون کو یہ تعداد ستر ہزارسے بڑھ گئی۔

تین جون کو کیسز اسی ہزار سے بڑھ چکے تھے چھ جون کو تین روز میں کورونا کیسز کی تعداد نوے ہزار سے زیادہ ہو گئی۔ دو روز بعد آٹھ جون کو کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 728 نئے کیسز رپورٹ ہوئےجبکہ مزید 65 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کی مجموعی تعداد پاکستان میں 1 لاکھ 3 ہزار 671  ہوگئی ہے اور 2 ہزار 67 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گنجان آباد علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہیں۔ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گیں۔ پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ تک پہنچ چکے ہیں اور جون میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں