سندھ: کورونا سے مزید 29 افراد جاں بحق، 1447 متاثر


 کراچی: صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 29 مریض انتقال کرگئے ہیں جبکہ مزید  1447 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بتایا ہے کہ سندھ میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 679 ہوگئی ہے جبکہ مریضوں کی تعداد 39 ہزار 5 سو55 تک پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں کورونا کے آج 963 نئے کیسز آئے ہیں جس کے بعد شہر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار5 سو 11 ہو گئی ہے۔

وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ ضلع شرقی کراچی میں 284، ضلع وسطی 237 اور ضلع جنوبی میں 214 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

’پاکستان میں کورونا وائرس کا عروج جولائی کے آخر یا اگست میں آئے گا‘

ان کا کہنا تھا کہ  ملیر میں کورونا کے 130، کورنگی 63، ضلع غربی کراچی میں 35، حیدرآباد 54، شہید بینظیرآباد 39، لاڑکانہ اور سانگھڑ میں 36،36 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 8513 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جو آج کا رکارڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کورونا کے 435 مریض تشویشناک حالت میں ہیں جبکہ 83 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج 468 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں جس کے بعد کورونا سے چھٹکارا حاصل کرنے والے مریضوں کی تعداد 19137 ہوگئی ہے۔


متعلقہ خبریں