ملک کے متعدد علاقوں میں بارش کا امکان


ملک کے مختلف شہروں میں موسم کی صورتحال

ملک کے مختلف شہروں میں موسم کی صورتحال

Posted by HUM News on Monday, June 8, 2020

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور کشمیر میں  گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد میں گزشتہ شب موسلادھار بارش ہوئی اور صبح سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔  شہر میں بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

لاہور میں چار روز کی گرمی کے بعد موسم ابر آلود ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

پنجاب کے بیشترعلاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا لیکن اٹک، مری، ٹیکسلا، فتح جنگ، تلہ گنگ، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا اور سیالکوٹ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے علاوہ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم دیر، مالاکنڈ، بونیر، سوات، چترال، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ اور کرم میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش  ہو سکتی ہے۔

آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کے آغاز پر مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا تاہم شام کے بعد بارش کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا لیکن کشمیر، پنجاب ،خیبر پختونخوا اور سندھ میں بارش ہوئی۔ مظفرآباد، گڑھی دوپٹہ، کوٹلی، راولاکوٹ، اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، مری، فیصل آباد، منڈی بہائولدین، جہلم، مالم جبہ، کاکول، بالاکوٹ، سیدو شریف، دیر اور مٹھی میں بارش ہوئی۔

 


متعلقہ خبریں