سندھ میں کورونا سے اموات کی تعداد 707 ہوگئی


کراچی: سندھ میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 707 ہوگئی، جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد41 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ ان کے صوبے میں کورونا مریضوں کی تعداد41ہزار303ہوگئی ہے اور گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 17 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار745نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ کورونا کے اس وقت 466 مریض تشویشناک حالت میں ہیں اور 71 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران1184 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 32ہزار807 ہوگئی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران750 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا سے ایک ہی دن میں ریکارڈ 105 اموات

مرتضی وہاب نے بتایا کہ جو لوگ خود کو آئسولیٹ کر رہے ہیں اور زیادہ آرام کر رہے ہیں وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے اپیل کی کہ ماسک کا لازمی استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ بزرگ بچے خاص طور پر احتیاط کریں اور گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں ریکارڈ 105 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 172 ہو گیا ہے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 40 ہزار 819 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 39 ہزار 555، خیبرپختونخوا میں 14 ہزار چھ، بلوچستان میں 6 ہزار 788، اسلام آباد میں 5 ہزار 785، آزادکشمیر میں 412 اور گلگت بلتستان میں 952 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہ پاکستان کے گنجان آباد علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 773 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 679، خیبر پختونخوا میں 587، اسلام آباد میں 52، گلگت بلتستان میں 14، بلوچستان میں 58 اور آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں