نجی کمپنیوں کی وجہ سے پیٹرول کا بحران پیدا ہوا ہے، غلام سرور


اسلام آباد: وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور نے کہا ہے کہ اس ملک میں مافیاز کا ہر دور میں راج رہا ہے، تیل کا بھی مافیا موجود ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شاہ زیب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پٹرول بحران کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کسی کے بھی جواب سے مطمئن نہیں ہوئے ہیں انہوں نے متعلقہ وزیر کو ایک ہفتے کا وقت دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پٹرول بحران کے معاملے پر کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے سب کی کلاس لی ہے انہوں نے کہا کہ کسی کو اس بحران کی ذمہ داری لینا ہو گی۔

غلام سرور نے کہا کہ خطےکی نسبت پاکستان میں پٹرولیم قیمتیں بہت کم کی گئیں ہیں،نجی کمپنیوں نےاسٹاک پورا نہیں رکھا اس وجہ سے بحران پیدا ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے چارسوالوں کے جواب مانگے ہیں، ہم نےعوام سے وعدہ کیا ہےکہ مافیا کا مقابلہ کریں گےاور سرنڈر نہیں کریں گے۔

اس سے قبل ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شاہ زیب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے  وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ این سی او سی اجلاس میں روزانہ کی بنیاد پرفیصلے کیے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ملک کی معیشت کا پہیہ چلتا رہے، لاک ڈاؤن کرنے سے ملک میں غذائی قلت پیدا ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاوَن کا فیصلہ میں خود نہیں کرسکتا اور نہ ہی حق میں ہوں، کاروباری حضرات کہتے ہیں لاک ڈاوَن نہ کریں، صرف تنخواہ دار طبقہ ملک میں لاک ڈاوَن چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی دوا کے لیے امریکہ اور چین اربوں ڈالر لگا چکے ہیں جبکہ ہمارے ہاں صوبائی وزیر صحت آئے روز اٹھ کر کہ دیتے ہیں کہ فلاں دوا کورونا کے لیے ٹھیک ہے۔


متعلقہ خبریں