’پی ٹی آئی سندھ حکومت کے خلاف زیادہ اور کورونا کے پیچھے کم ہے‘

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کورونا وائرس سے زیادہ سندھ حکومت کے خلاف مصرف عمل ہے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سندھ حکومت کے خلاف شرارتی سیاست ختم نہیں  ہوگی، پی ٹی آئی اپوزیشن  لیڈر روزانہ پریس کانفرنس کرکے لوگوں کو اکساتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں سہولیات کا فقدان صرف سندھ میں نہیں پورے ملک  میں ہے۔

وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں آبادی کے لحاظ سے  کورونا  سے صحتیابی کے کیسز  کی تعداد زیادہ ہے تاہم سندھ میں آئندہ آنے والے دنوں میں صورتحال تشویش ناک ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کورونا میں مبتلا

ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاوَن میں نرمی کے حق میں نہیں تھے، مجبوراً فیصلہ کیا،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سندھ حکومت  بے بس ہوگئی تھی۔

سعید غنی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا اعلان سب سے پہلے سندھ نے کیا، لاک ڈاؤن سے متعلق سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہا گیا۔

وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ کورونا کے خلاف اقدامات  پر قومی پالیسی ایک ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے لوگوں کو ہراساں نہیں کرسکتی، جس طرح حالات نظر آرہے ہیں لگتا ہے لاک ڈاؤن خود بخود ہوگا۔

صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ صوبوں  کو اپنا کام کرنے دیا جائے، اسکول مالکان کو سوچنا چاہیے کہ بچوں کی زندگی  زیادہ اہم ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 5 ہزار 385 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ تیرہ ہزار 702 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 83 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کے بعد بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 225 ہو گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 36 ہزار تین سو آٹھ مریض صحتیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 43 ہزار 460 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 41 ہزار 303، خیبرپختونخوا میں 14 ہزار 527، بلوچستان میں 7 ہزار اکتیس، اسلام آباد میں 5 ہزار 963، آزادکشمیر میں 444 اور گلگت بلتستان میں 974 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 807 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 696، خیبر پختونخوا میں 610، اسلام آباد میں 57، گلگت بلتستان میں 14، بلوچستان میں 62 اور آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں