سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی، بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی


اسلام آباد: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی  مسلسل خلاف ورزی پر پاکستان میں تعینات سنیئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدیداحتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق بھارت نے گزشتہ روز جندروٹ سیکٹر میں ایل اوسی کی خلاف ورزی کی۔ قابض بھارتی افواج کی طرف سے جان بوجھ کرشہری آبادی کونشانہ بنایا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فائرنگ سے 2 خواتین اور 2 بچے شدید زخمی ہوگئے تھے۔ بھارت کی طرف سے باربار شہری آبادی کوبھاری اسلحہ سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک ایک ہزار 296 بار بھارت نے ایل اوسی کی خلاف ورزی کی۔ ایل او سی کیخلاف ورزی کے نتیجہ میں 7 شہری شہید اور 98 شدید زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جندروٹ سیکٹر میں شہری آبادی پر شدید گولہ باری کردی تھی، جس کے نتیجے میں چار شہری شدید زخمی ہوئے تھے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ جندروٹ سیکٹر پر بھارتی فوج نے شہری آبادی کو جان بوجھ کرنشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ زخمیوں میں 2 خواتین اور 2 بچےشامل تھے۔ بھارتی اشتعال انگیزی کے باعث 7سالہ منشی اور7 سالہ مومنہ شدید زخمی پوگئی تھی۔ زخمیوں کاتعلق درہ شیرخان، سندھاڑا اور بمروچ کے دیہات سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں کو فوری طورپرقریبی اسپتالوں میں پہنچا دیا گیا۔ پاک فوج کی بھرپورجوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کونشانہ بنایا گیا۔

بھارتی فورسز کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، 3 شہری زخمی

واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی جاری ہے جس میں متعدد شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ 20 مئِ کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے 3 شہری زخمی ہوئے تھے۔

17 مئی کو کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 37 سالہ شہری محمد شفیع زخمی ہوا تھا


متعلقہ خبریں