وفاق بجٹ میں سندھ کے ترقیاتی منصوبے بھی شامل کرے، مراد علی شاہ


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاق آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں سندھ  کے منصوبے بھی شامل کرے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ  نے کہا کہ قومی اقتصادی کونسل اجلاس میں  مجھے گہا گیا کہ آپ درمیان میں نہیں بول سکتے۔ ہماری7 اسکیمیں تھیں، ان میں سے ایک بھی شامل نہیں کی گئی۔ منچھرکے لیے نئی اسکیم دی تھی، وہ بھی نکال دی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جواسکیم بجٹ میں موجود نہیں تھی اورساڑھے 3 ماہ میں اس پر ایک ارب خرچ ہوگئے۔ وفاق کی جانب سے بجٹ میں سندھ کے لیے کوئی نئی اسکیم نہیں ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدرات آج ہونے والے قومی اقتصادی کونسل اجلاس پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کونسل کو مذاق نہ بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے کہا کہ بجٹ سے 2 دن پہلے اجلاس بلانے کا کیا فائدہ؟ آئین میں لکھا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل کی میٹنگ سال میں دوبارہونی چاہیے۔ پچھلے 2 سال میں قومی اقتصادی کونسل کی صرف دو میٹنگز ہوئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد جانا تھا لیکن پیغام ملا کہ اجلاس ویڈیو لنک پر ہوگا۔ کہا گیا اسلام آباد آبھی گئے تومیٹنگ میں شامل نہیں ہونے دیا جائے گا، ویڈلنک پر لیا جائے گا۔۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان کو شکایت بھی کردی ہے۔ سندھ  کو اسلام آباد کی کالونی نہ سمجھا جائے۔

مزید پڑھیں: قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس، ترقیاتی پروگرام کیلئے 1324 ارب روپے منظور

مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر کابینہ اجلاس میں 40 سے 50 لوگ شریک ہوسکتے ہیں تو قومی اقتصادی کونسل میں 13 لوگ کیوں نہیں؟ نیشنل اکنامک کونسل کی میٹنگ صرف 13لوگوں کی ہوتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قومی اقتصادی کونسل کومذاق نہ بنایاجائے۔ وزیراعظم کا مشکور ہوں کہ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ اقتصادی کونسل کی میٹنگ جلد ہوگی۔

مرادعلی شاہ نے کہا کہ اقتصادی کونسل میں کہا گیا کہ اگلے سال ہماری شرح نمو 2 اعشاریہ ایک فیصد پلس ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ غلط اعدادوشمار کا نقصان صوبوں اور وفاق کو بھی ہوتا ہے۔ پچھلے سال بھی ٹیکس کم اکٹھا ہوا اور اس سال بھی کم ہوگا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت آج ہونے والے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی مد میں 1324 ارب روپے منظور کرلیے گئے۔

ہم نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق اجلاس میں وفاقی ترقیاتی پروگرام کیلئے اضافی 100 ارب روپے کے ساتھ 650 ارب روپے منظور کرلیے گئے۔

قومی اقتصادی کونسل اجلاس میں صوبوں کے ترقیاتی بجٹ کا حجم 674 ارب روپے رکھنے کی منظوری دے دی گئی۔

قومی اقتصادی کونسل اجلاس میں عالمی وبا اور انسداد کورونا کے لیے 70 ارب روپے کے خصوصی منصوبے منظور کرلیے گئے۔

 

 


متعلقہ خبریں